متحدہ عرب امارات نے ایران سے سفارتی تعلقات معطل کر دیئے

ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کے بعد متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرتے ہوئے تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے اور سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔
ابوظہبی سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات معطل کر دیے ہیں۔
اماراتی حکام کے مطابق تہران میں قائم سفارتخانہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور امارات کے سفیر کو فوری طور پر واپس بلا لیا گیا ہے۔ یہ اقدام ایران کی جانب سے امارات پر میزائل حملوں کے بعد کیا گیا۔
یاد رہے کہ ایران نے خلیجی خطے میں موجود چودہ امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ اڈے متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، قطر اور سعودی عرب میں واقع ہیں۔ ایران نے ان حملوں میں سیکڑوں اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا تھا، تاہم متعلقہ ممالک نے ان دعوؤں کی تصدیق نہیں کی۔
یہ بھی پڑھیں : اب تک 560 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں : ایرانی افواج کا دعویٰ
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایرانی میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا تھا، تاہم میزائلوں کا ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا۔
سعودی عرب نے بھی تصدیق کی کہ ایران نے ریاض اور مشرقی علاقے کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی لیکن فضائی دفاعی نظام نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا اور کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
قطر نے ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی تھیں، جس کے باعث حمد انٹرنیشنل ہوائی اڈے سے متعدد پروازیں معطل ہوئیں۔
بحرین میں بھی سائرن بجا کر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی جبکہ ایران نے وہاں موجود امریکی بحری بیڑے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، تاہم کسی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ اردن اور شام نے بھی ایرانی ڈرون مار گرانے کا اعلان کرتے ہوئے ایران کو سخت جواب کی تنبیہ کی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












