ایران نے سعودیہ پر حملہ نہیں کیا، صرف امریکی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، اسماعیل بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ان کا ملک کسی پڑوسی ریاست پر جارحیت نہیں کر رہا بلکہ صرف ان امریکی فوجی مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے جو ایران کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سعودی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران خطے میں صرف امریکی فوجی اہداف کو پوری درستی کے ساتھ نشانہ بنا رہا ہے۔
انہوں نے ان خبروں کی تردید کی کہ ایران نے سعودی عرب پر حملہ کیا ہے اور ان الزامات کو محض پروپیگنڈا قرار دیا۔ بقائی کا کہنا تھا کہ ایران خطے کے تمام ممالک کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہے اور وہ علاقائی سلامتی کے خواہاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تہران میں حکومت کی تبدیلی کی کوشش کی تو نشانہ اسرائیل کی ایٹمی تنصیبات ہوں گی، ایرانی فوج
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ ایران پر مسلط کی گئی ہے اور وہ عالمی قوانین کے تحت اپنا دفاع کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ایران کے اندرونی معاملات بہتر طریقے سے چل رہے ہیں اور ایک عارضی قیادت کونسل ملکی امور کی نگرانی کر رہی ہے۔
واشنگٹن کے ساتھ ماضی میں ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حملوں سے قبل بات چیت اچھے رخ پر جا رہی تھی لیکن امریکہ نے خود اسے ناکام بنایا۔ اب ایران کی تمام تر توجہ اپنے دفاع اور دشمن کی جارحیت کو روکنے پر مرکوز ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












