منگل، 26-مئی،2026
منگل 1447/12/09هـ (26-05-2026م)

پاک چین تعلقات نئی اسٹریٹجک سطح پر پہنچ گئے، مشترکہ اعلامیہ جاری

26 مئی, 2026 15:23

وزیراعظم پاکستان کے دورہ چین کے اختتام پر دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں پاک چین تعلقات کو نئی اسٹریٹجک بلندی قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور چین نے دفاع، سلامتی اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔

دونوں ممالک نے “چین پاکستان سکیورٹی پارٹنرشپ” کے قیام پر بھی اتفاق کیا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

چین نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

سی پیک کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جبکہ گوادر کو علاقائی رابطہ مرکز بنانے اور خنجراب راہداری کو مزید فعال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، خلائی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی خلا بازوں کی چین میں تربیت کی جائے گی جبکہ ایک پاکستانی خلا باز کے چینی اسپیس اسٹیشن میں شمولیت کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

چین نے پاکستان کے لیے 2025 سے 2029 کے دوران تین ہزار تربیتی مواقع فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں جنوبی ایشیا میں امن و استحکام اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات پر زور دیا گیا ہے۔

چین نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان نے ون چائنا پالیسی کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا جبکہ تائیوان کو چین کا حصہ قرار دیا گیا۔

ماہرین کے مطابق پاک چین تعلقات اب صرف روایتی دوستی تک محدود نہیں رہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی، معیشت اور عالمی سیاست کے نئے تقاضوں کے مطابق ایک ہمہ جہت اسٹریٹجک شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔