منگل، 10-مارچ،2026
پیر 1447/09/20هـ (09-03-2026م)

جیت کیلئے ہر حد تک جائیں گے، ایران ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہوگا، امریکی وزیر دفاع

09 مارچ, 2026 11:49

امریکا کے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ میں امریکا اپنی کامیابی کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہے، بالآخر ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں ایران کے ساتھ جاری جنگ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوجی کارروائیوں میں کبھی بھی اپنی حدود یا حکمت عملی ظاہر نہیں کی جاتی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کو یہ بتانا کہ آپ کہاں تک جائیں گے ایک بڑی غلطی ہوتی ہے، اسی لیے امریکا اپنی فوجی حکمت عملی کو خفیہ رکھے گا۔

ہیگسیتھ کے مطابق امریکا اس جنگ کو جیتنے کے لیے لڑ رہا ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی وہ شرائط طے کریں گے جن کے تحت ایران کو ہتھیار ڈالنے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر ایران اس قابل نہیں رہے گا کہ وہ جنگ جاری رکھ سکے اور بالآخر اسے شکست تسلیم کرنا پڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کی میزائل اور ڈرون صلاحیت کم کردی، وہ غیر مشروط ہتھیار ڈال دے، ٹرمپ

امریکی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحری قوت پہلے ہی شدید نقصان کا شکار ہو چکی ہے اور آئندہ دنوں میں یہ مزید کمزور ہو جائے گی۔ ایران کی بحریہ اب پہلے جیسی طاقت نہیں رکھتی اور مسلسل دباؤ کے باعث اس کی صلاحیت مزید محدود ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ دراصل ایک غیر متوازن جنگ ہے کیونکہ امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ فضائی قوت دنیا کی سب سے طاقتور قوتوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس لیے ایران کے لیے اس دباؤ کا مقابلہ کرنا آسان نہیں ہوگا۔

ہیگسیتھ نے واضح کیا کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ ان کے مطابق واشنگٹن اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے تیار ہے۔

امریکی وزیر دفاع نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ جنگ کے دوران مزید جانی نقصانات ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ ایک طویل اور پیچیدہ فوجی مہم ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ امریکی فوجی کارروائیاں منصوبے کے مطابق جاری ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔