جمعرات، 12-مارچ،2026
جمعرات 1447/09/23هـ (12-03-2026م)

سلامتی کونسل میں ایران کے حملوں کیخلاف قرارداد منظور

12 مارچ, 2026 09:43

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خلیجی ممالک خلاف ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کرلی، جس میں تہران سے فوری طور پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خلیجی ممالک اور اردن کے خلاف ایران کے میزائل اور ڈرون کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کرلی ہے۔ کونسل کے پندرہ میں سے تیرہ ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ روس اور چین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

یہ قرارداد خلیج تعاون کونسل کی جانب سے بحرین نے پیش کی تھی، جسے سلامتی کونسل کے متعدد ممالک کی حمایت حاصل تھی۔ قرارداد میں ایران کے حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ تہران فوری اور غیر مشروط طور پر خلیجی ممالک اور پڑوسی ریاستوں کے خلاف اپنے حملے اور اشتعال انگیز اقدامات بند کرے۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ ایران کو پراکسی فورسز کی پشت پناہی سمیت ایسے تمام اقدامات روکنے ہوں گے، جو خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی کوریا کی ایران کے نئے سپریم لیڈر کی حمایت، امریکی حملے کی مذمت

سلامتی کونسل کی قرارداد میں خلیجی ریاستوں اور اردن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا گیا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ان کے حق دفاع کی توثیق کی گئی۔

قرارداد میں ایران کی جانب سے شہریوں اور اہم سول تنصیبات کو نشانہ بنانے کی بھی مذمت کی گئی اور متاثرہ ممالک اور ان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

اس کے علاوہ قرارداد میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند کرنے یا بحری جہاز رانی میں رکاوٹ ڈالنے کے کسی بھی اقدام یا دھمکی کی سخت مذمت کی گئی ہے۔ ساتھ ہی آبنائے باب المندب میں بحری سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات کو بھی عالمی امن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے اس قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ خطے کے امن و استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔