منگل، 4-اگست،2026
منگل 1448/02/21هـ (04-08-2026م)

مصر، قطر اور ترکیہ کی غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مذمت، عالمی برادری سے مداخلت کا مطالبہ

04 اگست, 2026 09:51

مصر، قطر اور ترکیہ نے غزہ میں اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

مصر، قطر اور ترکیہ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی طرف سے مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیوں، بالخصوص طبی مراکز، بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے اور خواتین و بچوں سمیت فلسطینی شہریوں کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایک مشترکہ بیان میں تینوں ممالک نے کہا کہ یہ اقدامات عالمی قانون اور انسانی حقوق کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں، جنگ بندی کی ذمہ داریوں کی مکمل پاسداری ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : معاہدے پر قائم ہیں، ثالث اسرائیل پر جارحیت روکنے کے لیے دباؤ ڈالیں، حماس

ثالثوں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی قبضہ آوروں کو عالمی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں اور معاہدے کی شرائط پر عمل کرنا ہوگا، کیونکہ مسلسل خلاف ورزیاں ڈیل کو نقصان پہنچاتی ہیں اور دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کو خطرے میں ڈالتی ہیں۔

یہ مشترکہ بیان حماس اور دیگر فلسطینی دھڑوں کی جانب سے اگلے مرحلے کے روڈ میپ کی منظوری کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں اسلحے سے متعلق تدابیر بھی شامل ہیں۔

مصر، قطر اور ترکیہ نے خبردار کیا کہ اسرائیلی اقدامات سے امن کا راستہ اور غزہ میں انسانی صورتحال خراب ہو رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں، طبی مراکز اور امدادی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تینوں ممالک نے تمام علاقوں میں امداد اور طبی سامان کی بلا تعطل فراہمی پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائے اور اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالے تا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ امن منصوبے پر مکمل عمل ہو سکے، جسے انہوں نے تاریخی قدم قرار دیا تھا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔