عالمی نظام ٹوٹ چکا، پاکستان اور ایران نئی طاقتیں بنیں گے، مشاہد حسین

مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی نظام ٹوٹ چکا ہے اور آئندہ برسوں میں عالمی طاقتوں کی نئی صف بندی سامنے آئے گی، جس میں کئی مسلم ممالک اہم کردار ادا کریں گے۔
سینیٹر مشاہد حسین سید نے ایک نجی ٹیلی ویژن پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ عالمی نظام عملاً ختم ہو چکا ہے اور اب دنیا میں طاقت کا اصل معیار فوجی قوت بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دس برسوں میں پاکستان، ترکی، ایران، سعودی عرب اور انڈونیشیا نئی علاقائی طاقتوں کے طور پر ابھریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ایران جنگ نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مغربی اتحاد پہلے جیسا مضبوط نہیں رہا اور عالمی سیاست ایک نئی سمت اختیار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور روس ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں جبکہ خلیجی ممالک کے درمیان بھی نئی صف بندی وجود میں آ رہی ہے۔ موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ فائدہ روس اور چین کو حاصل ہوگا۔
مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ ایران نے عالمی تاریخ میں ایک غیر معمولی مثال قائم کی ہے۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان پس پردہ رابطے جاری ہیں اور امریکا کی یہ کوشش کامیاب نہیں ہو سکی کہ مسلم ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی ڈرونز امریکی دفاع کے لیے دردِ سر بن گئے
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے تاجروں، قطر کے سابق وزیر اعظم اور سعودی شہزادہ ترکی بن فیصل سمیت کئی اہم شخصیات کے بیانات اس حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ خطے میں نئی سوچ جنم لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی قوم میں عزم اور حوصلہ موجود ہو تو وہ بڑی طاقتوں کا مقابلہ بھی کر سکتی ہے۔ حالیہ دور میں پاکستان اور ایران دو ایسے ممالک ہیں، جنہوں نے بڑی طاقتوں کے دباؤ کا ڈٹ کر سامنا کیا۔
مشاہد حسین سید نے کہا کہ اس وقت خفیہ ادارے جھوٹے حملوں کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور مسلم ممالک کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خلیجی برانڈ اب کمزور پڑ چکا ہے کیونکہ ان ممالک نے امریکا کو اڈے اور اسلحہ فراہم کیا، لیکن آخر میں انہیں نقصان ہی اٹھانا پڑا۔
سینیٹر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات سے ان کی بے چینی ظاہر ہوتی ہے جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو مسلمانوں کے خلاف تہذیبی جنگ کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











