پاکستان حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت کیلئے کسی حد تک بھی جانے کیلئے مکمل تیار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی قیادت کی ضرورت کے مطابق حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت کیلئے کسی حد تک بھی جانے کیلئے مکمل تیار ہے۔
عرب نیوز کو خصوصی انٹرویو میں پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان عملی طور پر سعودی عرب کی مدد کیلئے وہاں موجود ہے اور ہم سفارتی لحاظ سے بھی ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان سعودی قیادت کی ضرورت کے مطابق حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حفاظت کیلئے کسی حد تک بھی جانے کیلئے مکمل تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی کیلئے ہمارا عزم غیر مشروط ہے ، یہ ایک جذباتی، دیرینہ، تاریخی اور اٹوٹ رشتے سے جڑا ہے، اس میں کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کی عوام سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم سعودی عرب کیخلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے بلکہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے کے تحت بھی جو وعدے اور عزم کیے ہیں، ان کی پاسداری کی جا رہی ہے، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت مسلسل سعودی قیادت کیساتھ رابطے میں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی مسلسل، انتھک اور انتہائی پرخلوص سفارتکاری کے بعد طے پائی، ہمارا افغان طالبان رجیم سے ایک ہی ٹھوس مطالبہ ہے کہ وہ افغان سرزمین سے پاکستان کے اندر ہونے والی دہشتگردی کو روکے۔
انہوں نے کہا کہ 80 فیصد کے قریب خود کش بمبار افغان ہیں ، افغانستان سے پاکستان آنے والی ہر تشکیل میں افغان شہری موجود ہوتے ہیں، اگر افغان طالبان رجیم دوحہ معاہدے کے تحت کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد نہیں کرتی تو پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کو عوامی حمایت حاصل نہیں وہ اپنے نظریے کو بندوق کی نوک پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دہشتگردی کی سرپرستی بھارت کر رہا ہے اور سوشل میڈیا باہر سے چلایا جا رہا ہے، ریاست کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ دہشتگردوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










