پاکستان سمیت چار مسلم ممالک کی امریکہ – ایران کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششیں تیز

پاکستان، عمان، مصر اور ترکی ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے کے لیے خاموش سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کئی اہم ممالک پس پردہ سفارتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان، عمان، مصر اور ترکی کے اعلیٰ حکام ایران کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ تہران کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر آمادہ کیا جا سکے۔
تفصیلات سے آگاہ ایک ذریعے کے مطابق ان ممالک کے سینئر حکام ایرانی قیادت کے ساتھ خاموش سفارتی ملاقاتوں اور رابطوں کے ذریعے یہ کوشش کر رہے ہیں کہ موجودہ بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی راہ نکالی جائے۔
ان کوششوں کا مقصد کم از کم جنگ بندی کی فضاء پیدا کرنا اور کسی ممکنہ معاہدے کی بنیاد رکھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی نظام ٹوٹ چکا، پاکستان اور ایران نئی طاقتیں بنیں گے، مشاہد حسین
ذرائع کے مطابق ان چاروں ممالک کے حکام مسلسل ایران کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ امریکہ کے ساتھ براہ راست بات چیت ہی کشیدگی کم کرنے کا واحد راستہ ہو سکتا ہے۔
تاہم اب تک ایران نے کسی باضابطہ معاہدے کے لیے مذاکرات شروع کرنے سے انکار کر رکھا ہے اور اس معاملے پر اپنا سخت مؤقف برقرار رکھا ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران نے ممکنہ مذاکرات کے لیے چند ابتدائی شرائط بھی سامنے رکھ دی ہیں۔ تہران کا مؤقف ہے کہ کسی بھی معاہدے سے قبل ایران کے جائز حقوق کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا جائے اور حالیہ تنازعات کے دوران ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے روسی صدر ولادیمیر پوتین سے گفتگو کے بعد سماجی رابطے کے ایک پلیٹ فارم پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کے لیے ایران کی بنیادی شرائط واضح ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے قانونی حقوق کا اعتراف، نقصانات کا ازالہ اور مستقبل میں کسی بھی جارحیت کے خلاف مضبوط عالمی ضمانتیں ضروری ہوں گی۔
Catch all the پاکستان News, دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









