آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے، امریکہ کا اعتراف

امریکی وزیر توانائی نے اعتراف کیا ہے کہ اس وقت امریکی بحریہ آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں ہے۔
امریکا کے وزیر توانائی کرس رائٹ نے کہا ہے کہ امریکی بحریہ آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی ہے، اس قسم کی کارروائی ممکنہ طور پر مہینے کے آخر میں شروع کی جا سکے گی۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ محکمہ دفاع اس معاملے پر کام کر رہا ہے تاہم موجودہ حالات میں امریکی فوجی وسائل دیگر عسکری اہداف پر مرکوز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سمیت چار مسلم ممالک کی امریکہ – ایران کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششیں تیز
ان کے بیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان سے تضاد پیدا کر دیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی بحریہ جلد ہی آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی حفاظت شروع کر دے گی۔
دوسری جانب خلیج میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ایک سو ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ چکی ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی کرنے والوں سے وابستہ کسی جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












