ہفتہ، 14-مارچ،2026
ہفتہ 1447/09/25هـ (14-03-2026م)

تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے نئی تجویز سامنے آگئی

14 مارچ, 2026 09:13

پنجاب میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ تعلیم نے اسکولوں کی چھٹیوں میں کمی سے متعلق نئی تجاویز پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے یہ تجویز دی گئی ہے کہ آئندہ تعلیمی سال میں ہفتہ وار چھٹیوں کو ختم یا کم کر دیا جائے۔ اس تجویز کا مقصد تعلیمی کیلنڈر کو بڑھانا ہے تاکہ سال میں کم از کم 180 دن تدریسی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔

پاکستان ایجوکیشن فورم کے سربراہ قاضی نعیم انجم نے بھی اس حوالے سے چند تجاویز پیش کی ہیں۔ ان کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کو دو ماہ تک محدود کیا جانا چاہیے۔ اسی طرح جنوری میں ہونے والی موسم سرما کی چھٹیوں کو کم کر کے تقریباً 10 دن تک رکھا جا سکتا ہے۔

قاضی نعیم انجم نے بتایا کہ گزشتہ سال غیر اعلانیہ تعطیلات کے باعث اسکول صرف 127 دن ہی کھل سکے تھے۔ اس وجہ سے اساتذہ کو نصاب مکمل کرنے میں مشکلات پیش آئیں اور طلبہ کی تعلیم بھی متاثر ہوئی۔ تعطیلات کے دوران طلبہ کے لیے سمر کیمپس شروع کیے جائیں تاکہ ان کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رہ سکیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پنجاب حکومت نے پہلے ہی صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔