امریکی دفاعی اخراجات میں اضافہ، قومی قرضے بے قابو ہونے کا خدشہ ظاہر

ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور فوجی اخراجات میں اضافے کے باعث امریکی معیشت پر دباؤ بڑھنے لگا ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی حکومتی قرضوں اور بجٹ خسارے میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے اثرات عالمی مالیاتی منڈیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق امریکہ کے دس سالہ حکومتی بانڈز کی منافع کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی ایک بڑی وجہ ایران کے خلاف جاری جنگی صورتحال اور دفاعی اخراجات میں متوقع اضافہ ہے۔
امریکی تحقیقی ادارے کے ماہر ڈیزمنڈ لاچمن نے کہا ہے کہ امریکہ پہلے ہی کمزور بجٹ صورتحال کے ساتھ اس بحران میں داخل ہوا تھا اور اب جنگی اخراجات میں اضافے سے یہ صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائیوں کے باعث امریکہ کو دفاعی اخراجات میں نمایاں اضافہ کرنا پڑے گا، جس کے نتیجے میں طویل مدت کے سودی نرخوں پر بھی دباؤ بڑھے گا۔
ماہرین کے مطابق ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز پر کنٹرول برقرار رکھنے کے باعث تیل کی عالمی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
امریکی توانائی کے وزیر کرس رائٹ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکی فوج کے پاس فی الحال یہ مکمل صلاحیت موجود نہیں کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام جہازوں کو مکمل تحفظ فراہم کر سکے، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے تابڑ توڑ حملوں سے اسرائیلی دفاعی میزائلوں کے ذخائر تیزی سے کم ہونے لگے
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی برقرار رہی تو تیل کی قیمتیں فی بیرل سو ڈالر یا اس سے زیادہ بھی رہ سکتی ہیں۔
ادھر سرمایہ کاروں میں بھی امریکی قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے حوالے سے تشویش بڑھ رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومتی اخراجات میں اضافہ ہوا تو امریکہ کو مزید قرض لینا پڑ سکتا ہے، جس سے قومی قرض مزید بڑھ جائے گا۔
مالیاتی ادارے کی سرمایہ کاری سربراہ لیزا شالیٹ نے خبردار کیا ہے کہ بہت سے سرمایہ کار اس صورتحال کے خطرات کو کم سمجھ رہے ہیں۔ کا کہنا تھا کہ جنگی اخراجات، بڑھتے قرضے اور ممکنہ مہنگائی مستقبل میں معیشت کے لیے بڑا چیلنج بن سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی غیر یقینی صورتحال بڑھ سکتی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








