منگل، 17-مارچ،2026
منگل 1447/09/28هـ (17-03-2026م)

ایران کی 57 ویں جوابی لہر، ننھے شہید کے نام، بیلسٹک میزائلوں کا دشمن کے اہداف پر قہر

17 مارچ, 2026 11:07

ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی نے امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے جواب میں 57 ویں بڑی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ یہ حملہ ایک تین روزہ شیر خوار بچے کی شہادت کے سوگ اور بدلے کے طور پر کیا گیا ہے۔

ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ 57 ویں لہر کے تحت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسٹریٹجک اہداف اور خطے میں موجود ایک بڑے امریکی فوجی اڈے پر شدید حملے کئے گئے ہیں۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے تعلقاتِ عامہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تازہ ترین کارروائی میں مقبوضہ علاقوں کے قلب میں موجود مواصلاتی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول کے بنیادی ڈھانچے اور میزائل دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ان حملوں میں ایران کے انتہائی درست نشانے پر لگنے والے بیلسٹک میزائلوں بشمول خیبر شکن، عماد اور قدر کا استعمال کیا گیا جو مقررہ اہداف کو تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس کارروائی کا سب سے اہم پہلو قطر میں واقع العدید فضائی اڈے کو نشانہ بنانا تھا، جو خطے میں امریکہ کی سب سے بڑی فوجی تنصیب ہے اور 21 ممالک میں امریکی فضائی آپریشنز کے مرکز کے طور پر کام کرتی ہے۔

اس اڈے پر حملے کے لیے ذوالفقار اور قیام جیسے درمیانی رینج کے بیلسٹک میزائلوں اور جدید ترین خودکش ڈرونز کا استعمال کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل مسجد اقصیٰ کو نقصان پہنچا کر الزام ایران پر ڈالے گا، ایرانی اسپیکر

پاسدارانِ انقلاب نے اس مہم کو تین روزہ شیر خوار بچے مجتبیٰ کے نام منسوب کیا ہے، جو حال ہی میں ایران کے شہر اراک کے قریب ایک دیہی گھر پر امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہو گیا تھا۔

بیان کے مطابق ننھا مجتبیٰ اپنی ماں کی گود میں تھا، جب اس حملے میں وہ، اس کی ماں، دو سالہ بہن اور دادی شہید ہو گئے۔

پاسدارانِ انقلاب نے مجتبیٰ کو ‘رمضان جنگ کا کمسن ترین شہید’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا قتل امریکی اور اسرائیلی درندگی کا واضح ثبوت ہے۔

ایران نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور حکومتوں کی خاموشی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ معصوم شہریوں، اسکولوں اور اسپتالوں پر حملوں نے ایران کے عزم کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔

بیان میں انتباہ دیا گیا ہے کہ اس حملے کا حکم دینے والوں اور اس پر عمل کرنے والوں کو سخت انتقام کا سامنا کرنا پڑے گا اور معصوم بچے کے خون کا ہر صورت حساب لیا جائے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔