ایران کا رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی اسرائیلی دھمکی پر اقوامِ متحدہ کو خط

اقوامِ متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے عالمی ادارے اور سلامتی کونسل کو خط لکھ کر ایرانی رہبرِ اعلیٰ کو نشانہ بنانے کی اسرائیلی دھمکیوں پر سخت وارننگ دی ہے۔
اقوامِ متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے عالمی تنظیم اور اس کے سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو ایک خط کے ذریعے اسرائیل کے جنگی وزیر اسرائیل کاٹز کی طرف سے دی جانے والی پبلک دھمکی پر سخت خبردار کیا ہے۔
اسرائیلی وزیر نے عوامی سطح پر بیان دیا تھا کہ ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کا نام ان کی ہٹ لسٹ پر موجود ہے اور انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
اپنے خط میں ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ یہ دھمکی کوئی عام یا زبانی کلامی بات نہیں ہے، بلکہ یہ ایران کے اعلیٰ سرکاری حکام کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی ایک منظم اور سوچی سمجھی پالیسی کا حصہ ہے، جو وہ ایران کے خلاف اپنی غیر قانونی جارحیت کے دوران اپنائے ہوئے ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور ایران کے درمیان تنازعات حل کرنے مواصلاتی چینل بنانے پر اتفاق
یہ خط 10 جون 2026 کو نیویارک میں مشرقِ وسطیٰ کے سیاسی حل کے عنوان سے ہونے والے سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے کے دوران پیش کیا گیا۔
ایرانی مندوب نے اپنے خط میں 4 اہم نکات پر زور دیا۔ پہلے نقطے میں انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے سلامتی کونسل کو فلسطین، لبنان اور شام کے علاقوں پر اسرائیلی قبضے اور امریکی فوجی موجودگی جیسے بنیادی اسباب کو ختم کرنا ہوگا۔
دوسرے نقطے میں انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کی طرف سے ایران کے خلاف چھیڑی گئی بلاجواز جنگ نے ثابت کر دیا ہے کہ خلیجِ فارس میں بیرونی افواج کا قیام کبھی امن نہیں لا سکتا۔
تیسرے نقطے میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے 8 اپریل کے جامع فائر بندی معاہدے کی بار بار خلاف ورزی کی ہے، جس کے جواب میں ایران اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی شق 51 کے تحت اپنے دفاع کا پورا حق رکھتا ہے۔
چوتھے اور آخری نقطے میں انہوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکیاں دینا بند کریں کیونکہ ایران نے دباؤ یا زبردستی کے تحت کبھی کوئی مذاکرات نہیں کیے اور نہ ہی کبھی کسی کے سامنے جھکے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










