کراچی کی سڑکوں کی مرمت میں پیٹرولیم قیمتیں بڑی رکاوٹ ہیں، میئر کراچی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی تاریخ، شہر کے مسائل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔
کراچی میں یوم پاکستان کے موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان محمد علی جناح اور ان کے رفقاء کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں جو آزاد ریاست ملی ہے، وہ بانیان پاکستان کی قربانیوں اور مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی قیادت میں ڈاکٹر عبد القدیر خان اور ان کے ساتھیوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔
انہوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں کے باعث پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی حاصل ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل میچز کراچی اور لاہور منتقل، اسٹیڈیم میں شائقین کا داخلہ ممنوع
میئر کراچی نے کہا کہ مسلح افواج کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں اور قومی معاملات پر سیاست سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ عوام کو نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ریلیف چاہیے۔
انہوں نے شہر کے مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی مرمت کے لیے سو دن کا منصوبہ دیا گیا تھا اور اس کا ٹینڈر مکمل ہو چکا ہے، تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ واٹر ٹینکرز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قواعد و ضوابط تیار ہیں، لیکن اصل مسئلہ ان پر عمل درآمد کا ہے۔
انہوں نے جماعت اسلامی کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کا جواب نہیں دینا چاہتے اور ان کے مطابق مسلسل تنقید ایک لاعلاج مسئلہ بن چکی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا کہ کریم آباد انڈر پاس پندرہ اپریل تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے حوالے سے کہا کہ وہاں نشہ کرنے والے افراد لوہا پگھلا رہے تھے، جس کے باعث واقعہ پیش آیا، ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کی مدد درکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیو ایم اے جناح روڈ پر نصب تاریخی گلوب کو محفوظ طریقے سے حسن اسکوائر کے قریب منتقل کرنے کا منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








