مودی سرکار کی اسرائیل نواز پالیسی کے باعث بھارت میں مہنگائی اور معاشی بحران کا سنگین خطرہ

نیویارک ٹائمز نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی وجہ سے بھارت میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے، جس کا براہ راست ذمہ دار مودی سرکار کی اسرائیل نواز پالیسیوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔
نئی دہلی میں معاشی ماہرین اور عالمی جریدوں نے مودی سرکار کی اسرائیل نواز خارجہ پالیسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہود و ہنود گٹھ جوڑ نے بھارتی معیشت اور عوامی مفادات کو داؤ پر لگا دیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کے حصول کے لیے ایران کے خلاف اسرائیل سے جو گٹھ جوڑ کیا ہے، اس کے انتہائی منفی اثرات اب بھارتی عوام کو بھگتنا پڑ رہے ہیں۔
امریکی جریدے دی نیویارک ٹائمز نے اپنی حالیہ رپورٹ میں خلیج کی جنگ کو بھارتی معیشت کے لیے ایک بڑا اور مہلک دھچکا قرار دے دیا ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں طویل مدتی خلل پیدا ہوتا ہے تو بھارت کے مالی وسائل پر شدید دباؤ پڑنے کا قوی امکان ہے، جس سے نمٹنا مودی حکومت کے بس میں نہیں ہوگا۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق بھارت میں گھریلو گیس کی قلت پہلے ہی صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں یہ بحران مزید سنگین صورتحال اختیار کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت میں توانائی بحران شدت اختیار کر گیا، گیس کی قلت سے نظام مفلوج
مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث جہاں تیل اور گیس کی سپلائی متاثر ہوئی ہے وہیں، بھارتی برآمدات اور خلیجی ممالک سے آنے والی ترسیلات زر بھی شدید خطرے میں پڑ گئی ہیں۔
معاشی اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ محض ایک ماہ کے دوران بھارت کی اسٹاک مارکیٹ اب تک تقریباً دس فیصد تک گر چکی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے ہیں۔
دوسری جانب عالمی سرمایہ کاری بینک گولڈمین ساچز نے بھی بھارت کے مستقبل کے حوالے سے تشویشناک پیشگوئی کی ہے۔
بینک کے مطابق آئندہ سال کے دوران بھارت کو ریکارڈ مہنگائی، روپے کی قدر میں تاریخی کمی اور کمزور کرنسی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نریندر مودی نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے اپنی سفاک نظریاتی وابستگی کے باعث اسرائیل کا ساتھ دے کر شعوری طور پر اپنے ملک کے معاشی مفادات کو نظر انداز کیا ہے۔
مسلسل گرتی ہوئی معیشت، عوام پر پڑنے والا اضافی بوجھ اور ایندھن کی قلت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مودی سرکار کی ترجیحات میں بھارتی عوام کا مفاد نہیں بلکہ صرف اور صرف اسرائیل نوازی شامل ہے، جس کی قیمت اب عام شہری کو ادا کرنی پڑ رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








