جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے، مزید 6 افراد شہید

جنوبی لبنان کے علاقے صیدا میں اسرائیلی حملوں میں 6 افراد شہید ہو گئے ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج نے بیروت کے مضافاتی علاقوں کو فوری خالی کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔
لبنان کی سرکاری قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی صیدا کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں چھ لبنانی شہری شہید ہو گئے ہیں۔
لبنانی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی دشمن نے عدلون نامی قصبے پر فضائی حملہ کیا، جس میں چار افراد لقمہ اجل بنے، جبکہ میہ میہ پناہ گزین کیمپ میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں مزید دو افراد شہید ہوئے، آج مجموعی طور پر 6 افراد شہید ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کی شمالی مقبوضہ فلسطین میں کارروائی، متعدد آئرن ڈوم یونٹس اور اسرائیلی فوجی مراکز تباہ
اس جنگ کے آغاز سے اب تک لبنان میں جانی نقصان کی مجموعی تعداد ایک ہزار 72 تک پہنچ چکی ہے، جو کہ انسانی حقوق کے حوالے سے ایک سنگین صورتحال کی نشاندہی کر رہی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان اوچائی ادرعی نے سوشل میڈیا پر ایک نیا انتباہ جاری کیا ہے، جس میں بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر گھر خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں حارہ حریک، لیلکی، حداد اور برج البراجنہ شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ وہ ان علاقوں میں حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے اور ٹھکانوں کو نشانہ بنانے جا رہی ہے، اس لیے شہریوں کو جانی نقصان سے بچنے کے لیے ان مقامات سے دور چلے جانا چاہیے۔
جنوبی لبنان اور بیروت کے مضافات میں اسرائیلی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں، جس کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












