جمعرات، 26-مارچ،2026
جمعرات 1447/10/07هـ (26-03-2026م)

پالیسی صرف اپنا دفاع ہے، مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں، عباس عراقچی

26 مارچ, 2026 10:12

ایرانی وزیر خارجہ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ مختلف ممالک کے ذریعے ایران کو پیغامات بھیج رہا ہے، تاہم تہران کا فی الحال مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ صرف اپنے دفاع پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سرکاری ٹیلی ویژن کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ کئی روز سے امریکہ مختلف ثالثوں اور دوست ممالک کے ذریعے ایران کو متعدد پیغامات بھیج رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ ان پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے اور ایران ان کے جواب میں اپنا مؤقف بیان کرنے کے ساتھ ساتھ تنبیہ بھی جاری کر رہا ہے، لیکن اسے کسی بھی صورت میں مذاکرات یا باقاعدہ گفتگو قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کی موجودہ پالیسی صرف اپنے دفاع کو برقرار رکھنا ہے اور فی الوقت واشنگٹن کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ اپنی شکست کو کسی معاہدے کا نام نہ دے، ایرانی افواج

خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاری کشیدگی دراصل اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ ہے، جس کی قیمت خطے کے عوام اور خود امریکی عوام کو چکانی پڑ رہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ کی اولین ترجیح صرف اسرائیل کا تحفظ ہے اور خطے میں قائم امریکی فوجی اڈے بھی تل ابیب کی سیکیورٹی کے لیے بنائے گئے ہیں۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ امریکی مؤقف میں حالیہ تبدیلی دراصل ایران کی مضبوطی کا ثبوت ہے، کیونکہ جو امریکہ پہلے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی باتیں کرتا تھا، وہ اب اعلیٰ حکام کو مذاکرات کے لیے متحرک کر رہا ہے۔

آبنائے ہرمز کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، چین، روس، بھارت اور عراق جیسے دوست ممالک کے جہازوں کے لیے راستہ کھلا ہے اور انہیں گزرنے کی اجازت برقرار رہے گی، تاہم دشمن ممالک کو اپنی سمندری حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے کی کوئی وجہ موجود نہیں ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔