ایرانی پاسداران انقلاب کا امریکی اور اسرائیلی یونیورسٹیوں کو نشانہ بنانے کا اعلان

ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اب تعلیمی اداروں تک پھیل گئی ہے، ایرانی پاسداران انقلاب نے تہران یونیورسٹی پر حملے کے جواب میں دشمن کے تعلیمی مراکز کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پاسداران انقلاب نے امریکی اور اسرائیلی افواج کی جانب سے تہران یونیورسٹی برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پر کی جانے والی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک سنگین انتباہ جاری کیا ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ تعلیمی و تحقیقی مراکز پر کئے جانے والے ان بزدلانہ حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور اب صیہونی ریاست کی تمام جامعات سمیت مغربی ایشیا میں موجود تمام امریکی تعلیمی ادارے ایران کے جائز فوجی ہدف تصور کیے جائیں گے۔
ایران نے ایک کے بدلے دو کی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ایک ایرانی جامعہ پر حملے کے بدلے دشمن کے دو ادارے تباہ کئے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا بحرین اور امارات میں امریکی اہداف اور حیفہ میں اسرائیلی ریڈار سینٹرز پر ڈرون حملے
بیان میں ان تمام اداروں کے عملے، اساتذہ اور طلبہ سمیت قریبی رہائشیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے امریکی جامعات سے کم از کم ایک کلومیٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔
مزید برآں، ایران نے امریکہ کو پیر کی دوپہر بارہ بجے تک کی مہلت دی ہے کہ وہ سرکاری طور پر ان حملوں کی مذمت کرے، بصورت دیگر تلافی کی کارروائیوں کا آغاز کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی ان حملوں کو ایران کی علمی و ثقافتی بنیادوں پر منظم حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ تیس دنوں کے دوران اصفہان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی سمیت متعدد مراکز کو دانستہ نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے فروری میں میناب کے مقام پر شجرہ طیبہ نامی بچیوں کے اسکول پر ہونے والے میزائل حملے کا بھی ذکر کیا، جس میں ایک سو ستر سے زائد طالبات جاں بحق ہو گئی تھیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












