کراچی : کلفٹن کے سپر اسٹور میں خوفناک آتشزدگی، کروڑوں کا سامان خاکستر

کراچی کے پوش علاقے کلفٹن کے زمزمہ میں واقع ایک مشہور سپر اسٹور میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کے درجنوں ٹینڈرز نے کئی گھنٹوں تک جدوجہد کی۔
کراچی کے علاقے کلفٹن، زمزمہ میں واقع امتیاز سپر اسٹور میں شام پانچ بج کر اڑتیس منٹ پر اچانک آگ لگ گئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گراؤنڈ فلور اور بیسمنٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو انچارج حماد قریشی کے مطابق آگ کی ابتدا گراؤنڈ فلور پر لگی اے ٹی ایم مشین سے ہوئی جو تیزی سے پھیل گئی۔
عمارت میں دھواں بھرنے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور فائر فائٹرز کو اندر داخل ہونے کے لیے دیواریں تک توڑنی پڑیں۔
آپریشن کے دوران عمارت میں پھنسے پچیس سے تیس ملازمین اور گارڈز کو سیڑھیوں کی مدد سے باحفاظت نکال لیا گیا، جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی بندرگاہوں پر تجارتی سرگرمیوں کا تاریخی ریکارڈ، کراچی پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ میں غیر معمولی اضافہ
آگ بجھانے کے عمل میں دس سے زائد فائر ٹینڈرز، اسنارکل اور تھرمل کیمروں کا استعمال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو اور ایس ایس پی جنوبی مہروز علی نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔
آپریشن کے دوران عمارت کے اندر سے زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسی دوران اسٹور کے باہر سے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا گیا، جسے گارڈز نے بیسمنٹ کے قریب سے پکڑا تھا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور فائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائی سے قیمتی جانیں بچائی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں فائر سیفٹی آڈٹ کیا جا رہا ہے اور منشیات کے عادی افراد کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کی ضرورت ہے، جو اکثر ایسی جگہوں پر تخریب کاری کا سبب بنتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










