بدھ، 30-ستمبر،2026
بدھ 1448/04/19هـ (30-09-2026م)

آزاد ویزا پر بیرون ملک جانے والے پاکستانی خبردار، قانونی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے

30 ستمبر, 2026 08:39

بیرون ملک روزگار کے لیے سفر کرنے والے پاکستانیوں کو آزاد ویزا کے نام پر ہونے والے معاملات میں خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اس نوعیت کے انتظامات بعض صورتوں میں قانونی اور مالی مشکلات کا سبب بن سکتے ہیں۔

مائیگرینٹ ریسورس سینٹر کے مطابق آزاد ویزا کے نام پر بیرون ملک جانے والے افراد کو گرفتاری، ملک بدری، مالی نقصان، استحصال اور غیر قانونی ملازمت جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

ادارے کے مطابق اگر کسی شخص کے پاس درست ملازمت، معاہدے یا قانونی ورک پرمٹ سے متعلق واضح دستاویزات موجود نہ ہوں تو بیرون ملک پہنچنے کے بعد اس کے لیے قانونی طور پر کام کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

ایسے افراد کو تنخواہ، کام کے اوقات اور دیگر ملازمتی حقوق کے حصول میں بھی مشکلات پیش آسکتی ہیں، جبکہ بعض حالات میں ایجنٹ یا آجر کی جانب سے استحصال کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

غیر قانونی طور پر کام کرنے کی صورت میں متعلقہ ملک کے قوانین کے تحت جرمانہ، قانونی کارروائی یا ملک بدری جیسے نتائج کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔

اس کے علاوہ غیر محفوظ یا غیر قانونی طریقے سے ہجرت کرنے والے افراد پاکستان کے قانونی امیگریشن پروٹیکشن نظام اور دستیاب دیگر تحفظات سے بھی محروم ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کا مشورہ ہے کہ بیرون ملک سفر سے پہلے ویزا کی نوعیت، ملازمت، آجر، معاہدے، ورک پرمٹ اور دیگر قانونی تقاضوں کی مکمل تصدیق کی جائے۔

مائیگرنٹ ریسورس سینٹر کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق محفوظ اور باقاعدہ ہجرت سے متعلق رہنمائی کے لیے متعلقہ ادارے سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

مفت معلومات اور رہنمائی کے لیے دیے گئے نمبرز 0306-9191910 اور 0300-0116671 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔