بدھ، 30-ستمبر،2026
بدھ 1448/04/19هـ (30-09-2026م)

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، قرض کے لیے درخواستیں 16 لاکھ سے تجاوز کرگئیں

30 ستمبر, 2026 11:57

پنجاب حکومت کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں قرض کے حصول کے لیے درخواست دینے والے خاندانوں کی تعداد 16 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، تاہم بڑی تعداد میں درخواست گزار اب بھی قرض کی منظوری کے منتظر ہیں۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق رواں سال پروگرام کے تحت 3 لاکھ درخواست گزاروں کو قرض فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس ہدف کے مقابلے میں درخواستوں کی تعداد کہیں زیادہ ہونے کے باعث لاکھوں خاندانوں کو مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک 2 لاکھ 15 ہزار خاندانوں کے لیے مجموعی طور پر 273 ارب روپے کے قرضے منظور کیے جاچکے ہیں۔

منظور شدہ قرضوں سے ہزاروں خاندانوں نے اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کرلی ہے، جبکہ متعدد گھروں پر تعمیراتی کام اب بھی جاری ہے۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق قرض کی رقم سے اب تک تقریباً 1 لاکھ 22 ہزار گھروں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، جبکہ مزید 57 ہزار 500 گھر زیر تعمیر ہیں۔

پروگرام کا مقصد ایسے خاندانوں کو گھر بنانے میں مالی معاونت فراہم کرنا ہے جو اپنی ملکیتی زمین پر گھر کی تعمیر کے لیے قرض کے خواہش مند ہیں۔ تاہم درخواستوں کی بڑی تعداد کے مقابلے میں مقررہ سالانہ ہدف محدود ہونے کے باعث تمام درخواست گزاروں کو فوری طور پر قرض ملنا ممکن نہیں۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق درخواست گزاروں کی بڑی تعداد کو اپنی باری کا انتظار کرنا ہوگا، جبکہ قرض کی منظوری اور اجرا کا عمل متعلقہ حکومتی طریقہ کار کے مطابق جاری رہے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔