15 اکتوبر سے ای پاسپورٹ لازمی، پرانے پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے اہم وضاحت

اسلام آباد: پاکستان میں پاسپورٹ کے اجرا کے نظام میں اہم تبدیلی سامنے آئی ہے، جس کے تحت 15 اکتوبر 2026 سے نئے پاسپورٹ یا تجدید کے لیے جدید ای پاسپورٹ جاری کرنے کا نظام نافذ کیا جارہا ہے۔
نئے نظام کے بعد پاسپورٹ بنوانے یا موجودہ پاسپورٹ کی تجدید کرانے والے شہریوں کو ای پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔ یہ نظام پاکستان کے پاسپورٹ دفاتر کے ساتھ بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں بھی نافذ کیا جائے گا۔
تاہم موجودہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے اہم بات یہ ہے کہ ان کے موجودہ پاسپورٹ اپنی درج شدہ میعاد ختم ہونے تک قابل استعمال رہیں گے۔
یعنی صرف ای پاسپورٹ نظام شروع ہونے کی وجہ سے پرانے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کو فوری طور پر تبدیل کرانا ضروری نہیں ہوگا۔ موجودہ پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے کے بعد نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دیتے وقت ای پاسپورٹ جاری کیا جائے گا۔
ای پاسپورٹ روایتی پاسپورٹ کے مقابلے میں جدید سفری دستاویز سمجھا جاتا ہے۔ اس میں الیکٹرانک چپ شامل ہوتی ہے جس میں پاسپورٹ ہولڈر سے متعلق شناختی اور بائیومیٹرک معلومات محفوظ کی جاتی ہیں۔
اس ٹیکنالوجی کے ذریعے متعلقہ امیگریشن نظام پاسپورٹ ہولڈر کی شناخت اور سفری دستاویز کی تصدیق زیادہ مؤثر انداز میں کرسکتے ہیں۔
پاکستان میں ای پاسپورٹ کا نظام سفری دستاویزات کی سکیورٹی بہتر بنانے اور بین الاقوامی امیگریشن نظام کے ساتھ مطابقت بڑھانے کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے۔
نئے نظام سے مستقبل میں ایئرپورٹس پر دستاویزات کی جانچ اور مسافروں کی شناخت کے عمل کو بھی جدید بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










