لبنان پر اسرائیلی بربریت جاری، مزید 12 افراد شہید

لبنان پر اسرائیلی جارحیت کے نئے سلسلے میں دارالحکومت بیروت اور اس کے گردونواح کو شدید بمباری کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔
لبنان کے دارالحکومت بیروت اور اس کے مضافاتی علاقوں پر منگل کی رات اسرائیل نے وحشیانہ حملے کئے، جس میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔
بیروت کے جنوب میں واقع خالدہ ہائی وے پر ایک اسرائیلی ڈرون نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس پر متعدد میزائل داغے گئے۔
اس حملے کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو افراد موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ اسی طرح بیروت کے علاقے جناح میں بھی فضائی حملے کئے گئے، جہاں تین افراد کی جان چلی گئی۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق جنوبی بیروت میں ہونے والے دو بڑے حملوں میں شہید افراد کی مجموعی تعداد سات تک پہنچ گئی ہے، جبکہ چوبیس افراد شدید زخمی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لبنان میں اسرائیلی کارروائی سے اقوام متحدہ کے دو امن کار ہلاک، فرانس کا سخت ردعمل
اسرائیلی فوج نے بیروت کے گنجان آباد علاقوں بشمول حارہ حریک، غبیری، لیلکی اور دیگر محلوں کو خالی کرنے کی دھمکیاں بھی دی ہیں۔
جنوبی لبنان میں بھی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ نقورہ میں شہریوں کے گھروں کو نذر آتش کر دیا گیا، جبکہ نبطیہ کے علاقے ارنون پر گولہ باری کی گئی۔ جنوبی لبنان کے گاؤں شقرا میں ایک رہائشی مکان پر حملے میں پانچ عام شہری شہید ہوئے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں ان کے امن مشن کے ایک اہلکار کی موت واقع ہوئی ہے اور دوسرا شدید زخمی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم گولہ اقوام متحدہ کے مرکز سے ٹکرایا۔
دو مارچ سے جاری اس جنگ میں اب تک بارہ سو سے زائد لبنانی شہید اور بارہ لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












