لبنان میں حزب اللہ کا اسرائیل کیخلاف آپریشن خیبر 2، راکٹ اور خودکش ڈرونز کا استعمال

لبنان کی اسلامی مزاحمت حزب اللہ نے اپنے حملوں میں درجنوں راکٹ اور خودکش ڈرونز استعمال کئے ہیں، جس سے اسرائیلی دفاعی نظام میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
حزب اللہ لبنان نے اسرائیل کے خلاف اپنی کارروائیوں کے ایک نئے مرحلے خیبر 2 کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ آپریشن لبنان کے دفاع اور اسرائیلی جارحیت کے جواب میں شروع کیا گیا ہے۔
حزب اللہ کے مطابق حیفہ اور اس کے قریبی علاقوں میں آٹھ مربوط کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں میں حیفہ کے ساحل پر واقع اہم بحری نگرانی کے مرکز اسٹیلا میرس کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کے علاوہ حیفہ کے جنوب مشرق میں واقع ناشریم بیس اور عکا کے مشرق میں تیفن بیس پر بھی راکٹوں اور خودکش ڈرونز کے ذریعے حملے کئے گئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق شمالی اسرائیل بشمول حیفہ، نہاریہ اور عکا میں مسلسل سائرن بجتے رہے اور شہریوں کو پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : لبنان میں حزب اللہ کی سخت کارروائی، متعدد اسرائیلی ٹینک تباہ، چار مزید فوجی ہلاک
اسرائیلی چینل بارہ نے رپورٹ کیا کہ فوج حزب اللہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے میں ناکام رہی، جس کی وجہ سے بروقت وارننگ جاری نہیں کی جا سکی۔
رپورٹ کے مطابق لبنان سے چالیس سے زائد راکٹ اور ڈرونز فائر کیے گئے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یہ حملے صرف فوجی اہداف تک محدود ہیں تاکہ اسرائیل کو مزید جارحیت سے روکا جا سکے۔
دوسری جانب جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کے ساتھ شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ حزب اللہ کے جنگجوؤں نے شمع نامی قصبے کے قریب اسرائیلی دستوں کا مقابلہ کیا اور القنطرہ میں فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔
ادھر اسرائیل نے دریائے لیطانی تک بفر زون بنانے کے نام پر لبنانی شہریوں کو گھر چھوڑنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ تاہم جنوبی لبنان کے کئی دیہاتوں کے رہائشیوں نے اپنا علاقہ چھوڑنے سے انکار کر دیا ہے، انہیں خدشہ ہے کہ اگر وہ اب چلے گئے تو اسرائیل ان کی زمینوں پر مستقل قبضہ کر لے گا اور انہیں کبھی واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









