ایران کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، جنگ جلد ختم ہوگی، مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اپنے اہداف وقت سے پہلے ہی حاصل کرلیے ہیں، امریکہ اور ایران کے درمیان پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے، نیٹو سے تعلقات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی بحری اور فضائیہ کا بڑا حصہ تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ میزائل لانچرز اور ڈرون فیکٹریوں کو ختم کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
روبیو نے کہا کہ ہم اپنے شیڈول سے آگے ہیں اور اب ہمیں منزل صاف نظر آرہی ہے۔ اگرچہ انہوں نے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی، لیکن ان کا کہنا تھا کہ یہ دن دور نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی شہر کرج میں حکومتی اور عسکری حمایت میں ہزاروں افراد کا بڑا مارچ
مارکو روبیو نے یہ بھی انکشاف کیا کہ تہران کے ساتھ مختلف ذرائع سے پیغامات کا تبادلہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم براہ راست ملاقات کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، لیکن صدر ٹرمپ کسی بھی ایسی جعلی مذاکرات کی اجازت نہیں دیں گے، جو صرف وقت ضائع کرنے کے لیے کئے جائیں۔ ان کا اشارہ ایران کی جانب سے جنگ کو طول دینے کی ممکنہ کوششوں کی طرف تھا۔
وزیر خارجہ نے نیٹو کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ ختم ہونے کے بعد امریکہ کو نیٹو کے ساتھ اپنے تعلقات پر دوبارہ غور کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اتحاد جو طویل عرصے سے امریکہ کے کام آرہا تھا، اب اس کے فائدے اور ضرورت کا ازسرنو جائزہ لینا ضروری ہو گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حتمی فیصلہ صدر ٹرمپ ہی کریں گے، لیکن موجودہ حالات میں نیٹو کے رویے نے بہت سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











