ایران میں ادویات بنانے والی فیکٹری پر اسرائیلی حملہ، دواؤں کی سپلائی متاثر

تہران میں ایک بڑی ادویات بنانے والی فیکٹری پر اسرائیل کے حملے کے نتیجے میں میڈیکل سپلائی چین کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے کینسر اور آپریشن تھیٹر میں استعمال ہونے والی ضروری ادویات کی پیداوار رک گئی ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق تہران میں واقع توفیق دارو نامی ادویات بنانے والی فیکٹری پر اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے ہیں، جس سے فیکٹری کا ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ شعبہ اور تمام پروڈکشن یونٹس مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
ایرانی نائب وزیر صحت مہدی پیر صالحی نے بتایا کہ یہ فیکٹری براہ راست ادویات نہیں بناتی تھی بلکہ اسپتالوں، آپریشن تھیٹروں اور کینسر کے مریضوں کے لیے خام مال تیار کرنے والا ملک کا سب سے اہم مرکز تھی۔ انہوں نے اس حملے کو قومی طبی نظام کے لیے ایک کاری ضرب قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران جنگ کے پہلے ماہ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے دنیا کو 111 ارب ڈالر کا نقصان
ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی صحت سے وابستہ تنصیبات کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایران نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی اس وحشیانہ کارروائی کا نوٹس لے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حملے کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ایک ریسرچ فیسلٹی تھی، جو ایرانی حکومت کو کیمیائی مواد فراہم کر رہی تھی۔
اسرائیل نے الزام لگایا کہ یہ فیکٹری ایک ایسی تنظیم (ایس پی این ڈی) کا حصہ تھی، جو کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری کی ذمہ دار ہے۔ تاہم اسرائیل نے اپنے ان دعوؤں کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیے۔ ایران نے ان الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حملہ جنگی جرم ہے، جو صرف عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











