ایرانی صدر نے جنگ ختم کرنے کی مشروط آمادگی ظاہر کردی، ٹھوس ضمانتوں کا مطالبہ

ایرانی صدر نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ ختم کرنے کے حوالے سے مشروط آمادگی ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران امن کا خواہاں ہے، لیکن دوبارہ جارحیت نہ ہونے کی ٹھوس ضمانتیں فراہم کرنا ہوں گی۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری مسلح تصادم کو ختم کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ ایک خلیجی نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر نے یہ اہم گفتگو یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوستا کے ساتھ ٹیلیفون پر کی۔
دورانِ گفتگو صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران جنگ کے خاتمے کے لیے تیار ہے، تاہم اس کے لیے یہ لازمی ہے کہ عالمی برادری اور فریقین اس بات کی مکمل ضمانت دیں کہ یہ تنازع دوبارہ شروع نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ کے باوجود ایران کی تیل کی آمدنی میں دوگنا اضافہ ہوگیا، برطانوی جریدہ
ایرانی صدر نے اپنے بیان میں ملکی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جاری جنگ کے دوران ایرانی عوام نے جس بے مثال اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ نہ صرف قابلِ ستائش ہے بلکہ اس نے دشمن کے عزائم کو بھی ناکام بنایا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا دفاعی نظام اور عوامی طاقت کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، لیکن وہ خطے میں استحکام کو ترجیح دیتے ہیں۔
دوسری جانب، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی قطری میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں تہران کے مؤقف کی مزید وضاحت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے اور مزید جانی و مالی نقصان سے بچنے کے لیے جنگ کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنا چاہیے۔ عباس عراقچی کے مطابق، خطے میں جاری کشیدگی کا واحد حل پورے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام میں پوشیدہ ہے، جس کے لیے طاقت کے بجائے سفارتکاری کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











