ہفتہ، 11-اپریل،2026
ہفتہ 1447/10/23هـ (11-04-2026م)

انڈونیشیا میں 7.4 شدت کا زوردار زلزلہ، عمارتیں لرز گئیں، کئی تباہ، ایک خاتون ہلاک

02 اپریل, 2026 15:01

انڈونیشیا کے سمندروں میں سات اعشاریہ چار شدت کا زوردار زلزلہ آیا ہے، جس کے بعد جاری ہونے والی سونامی کی وارننگ اب واپس لے لی گئی ہے، تاہم ملبے تلے دب کر ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہے۔

آج صبح انڈونیشیا کے بحیرہِ ملوکا میں سات اعشاریہ چار شدت کا ایک انتہائی طاقتور زلزلہ آیا ہے، جس کی گہرائی پینتیس کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلے کے فوراً بعد انڈونیشیا، فلپائن اور ملائیشیا کے ساحلوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی، جو دو گھنٹے بعد خطرہ ٹلنے پر واپس لے لی گئی۔

زلزلے کا مرکز ترناتی شہر سے ایک سو بیس کلومیٹر دور تھا، جو کہ ایک گنجان آباد جزیرہ ہے۔ زلزلے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اور شمالی سلاویسی میں ایک ستر سالہ خاتون ملبے تلے دب کر ہلاک ہو گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : گلگت میں زلزلے کے شدید جھٹکے

عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے دوران سڑکیں اور عمارتیں اس طرح ہل رہی تھیں کہ لوگوں کے لیے توازن برقرار رکھنا مشکل ہو گیا تھا۔

منادو شہر میں ایک اسپورٹس کمپلیکس کی عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جہاں سے ملبے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ زلزلے کے بعد پانچ اعشاریہ پانچ اور پانچ اعشاریہ دو شدت کے دو آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے ہیں۔

مقامی حکام نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں اور ساحلوں سے دور رہیں کیونکہ لینڈ سلائیڈنگ اور مزید جھٹکوں کا خطرہ موجود ہے۔ جاپان کی محکمہ موسمیات نے بھی اپنے ساحلوں پر سمندر کی سطح میں معمولی تبدیلی کی پیش گوئی کی ہے۔

متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا طاقتور زلزلہ پہلے کبھی محسوس نہیں کیا۔ بازاروں میں موجود لوگ خوف کے عالم میں دکانیں چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے اور اسکولوں میں بھی بھگڈر مچ گئی۔

اگرچہ سونامی کا خطرہ اب ٹل چکا ہے، لیکن ملبے تلے دبے زخمیوں کی تلاش اور نقصانات کا اندازہ لگانے کا کام جاری ہے۔

انڈونیشیا کا یہ علاقہ زلزلے کے لحاظ سے انتہائی حساس مانا جاتا ہے، لیکن حالیہ زلزلے نے حالیہ برسوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔