ہفتہ، 11-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

پانچ ہفتوں کی بمباری کے باوجود ایران کی میزائل قوت تاحال محفوظ ہے، امریکی انٹیلی جنس

03 اپریل, 2026 13:13

امریکی انٹیلی جنس اداروں کی حالیہ تشخیص کے مطابق، مسلسل پانچ ہفتوں کے شدید فضائی حملوں کے باوجود ایران کے نصف میزائل لانچرز اور ہزاروں خودکش ڈرونز تاحال مکمل طور پر محفوظ اور فعال ہیں۔

امریکی ٹی وی سی این این نے انٹیلی جنس ذرائع کے حوالے سے ایک چونکا دینے والی رپورٹ جاری کی ہے، جس کے مطابق ایران کی عسکری صلاحیت اس سے کہیں زیادہ ہے جو ظاہر کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے تقریباً پچاس فیصد میزائل لانچرز اب بھی محفوظ ہیں، جن میں سے اکثر زیر زمین سرنگوں اور غاروں میں چھپا کر رکھے گئے ہیں۔

امریکی حکام کا اعتراف ہے کہ ایران نے دہائیوں سے اس طرح کے تنازع کی تیاری کر رکھی تھی اور ان کے موبائل لانچرز کو ٹریک کرنا اور نشانہ بنانا انتہائی مشکل ثابت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران پر زمینی حملہ تباہ کن اور فوج کیلئے قبرستان ثابت ہوگا، امریکی ماہرین نے خبردار کردیا

اگرچہ امریکی حملوں میں سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی جیسے اہم رہنماؤں کی شہادت ہوئی، لیکن ایران کی جنگی مشینری تاحال فعال ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایران کی ساحلی دفاعی میزائلوں کی صلاحیت سو فیصد محفوظ ہے، کیونکہ امریکہ نے اپنی فضائی مہم میں ان اثاثوں کو زیادہ نشانہ نہیں بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ تاحال آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے میں ناکام رہا ہے۔

اگرچہ پینٹاگون اور وائٹ ہاؤس کے ترجمان ان اعداد و شمار کو غلط قرار دے رہے ہیں اور دعویٰ کر رہے ہیں کہ ایران کی طاقت نوے فیصد تک کم ہو چکی ہے، لیکن زمینی حقائق اور انٹیلی جنس ذرائع ایک مختلف تصویر پیش کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی ہزاروں چھوٹے بحری جہاز اور بغیر پائلٹ کے سمندری کشتیاں موجود ہیں، جو خلیج میں کسی بھی بحری ٹریفک کو مفلوج کر سکتی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اس آپریشن کو دو سے تین ہفتوں میں ختم کرنے کا ہدف دیا تھا، جسے ماہرین نے موجودہ حالات میں غیر حقیقی قرار دیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔