وزیراعلیٰ سندھ کی عوام سے سادگی اپنانے اور توانائی بچانے کی اپیل

وزیراعلیٰ سندھ نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر قوم سے سادگی اپنانے اور توانائی کی بچت کی اپیل کی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بوجھ سے عوام کو بچانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری اور میئر کراچی سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ ان کی حکومت کی ترجیح عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانا ہے، اس لیے ٹرانسپورٹرز کو ایک خصوصی ریلیف پیکج دینے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ پیٹرول مہنگا ہونے کے باوجود عوامی سواریوں کے کرایوں میں اضافہ نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت کا موٹر سائیکل سواروں کیلئے پیٹرول پر براہ راست سبسڈی دینے کا اعلان
سید مراد علی شاہ نے خطے کی مجموعی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بجلی، گیس اور پیٹرول کے استعمال میں سادگی اور بچت اختیار کریں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہماری عوام باشعور ہے اور وہ موجودہ مسائل کی سنگینی کو سمجھتی ہے، تاہم حکومت اپنی سطح پر ہر ممکن سبسڈی فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکریٹریز کو ہدایت کی گئی کہ وہ ریلیف پیکج کے خدوخال جلد از جلد مکمل کریں تاکہ اسے عملی شکل دی جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











