منگل، 21-اپریل،2026
منگل 1447/11/04هـ (21-04-2026م)

ایران نے بحری جہاز پر امریکی قبضے کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت درج کرادی

21 اپریل, 2026 14:35

ایران نے امریکہ کی جانب سے اپنے تجارتی بحری جہاز توسکا پر قبضے کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی بحری تنظیم میں باضابطہ شکایت درج کرادی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے امریکہ کی جانب سے ایرانی تجارتی جہاز ‘توسکا’ کو قبضے میں لیے جانے کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج کا آغاز کر دیا ہے۔

ایرانی حکام نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور عالمی بحری تنظیم کے سامنے ایک باضابطہ شکایت درج کرائی ہے، جس میں پیر کے روز پیش آنے والے اس واقعے کو غیر قانونی، مجرمانہ اور وحشیانہ فعل قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کو مذاکرات کرنا ہوں گے، ورنہ وہ انجام ہوگا، جو کبھی نہیں دیکھا، ٹرمپ کی پھر دھمکی

ایرانی وزارت خارجہ کے اعلامیے کے مطابق امریکہ کا یہ اقدام نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ موجودہ جنگ بندی کے معاہدے کی شرائط کو بھی پامال کرنے کے مترادف ہے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے اس عمل سے خطے میں انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔

تہران نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکی حکام فوری طور پر ایرانی جہاز، اس پر موجود ملاحوں، عملے اور ان کے اہل خانہ کو رہا کریں۔

بیان میں یہ سنگین الزام بھی لگایا گیا ہے کہ جہاز پر قبضے کے دوران عملے اور ان کے خاندانوں کو ڈرایا دھمکایا گیا اور ان کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا گیا۔

ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی بحری حدود اور تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قانونی راستہ اختیار کرے گا اور امریکہ کو اس مجرمانہ فعل کا جواب دینا ہوگا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔