جمعرات، 23-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/06هـ (23-04-2026م)

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں چار فیصد بڑھ گئیں

23 اپریل, 2026 08:34

ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگ بندی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں چار فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ جنگ بندی کے حوالے سے جاری غیر یقینی صورتحال کے سائے میں جمعرات کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں چار فیصد کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ تیزی اس وقت آئی جب ایران نے واضح کیا کہ جب تک اس کی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی ختم نہیں کی جاتی، وہ آبنائے ہرمز کو نہیں کھولے گا۔

عالمی توانائی کی منڈیوں میں اس اعلان کے بعد خوف کی لہر دوڑ گئی، جس کے نتیجے میں امریکی مارکیٹ کے بینچ مارک ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت چار اعشاریہ صفر چھ فیصد اضافے کے ساتھ چھیانوے اعشاریہ تہتر ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی سینیٹ میں ایران کے خلاف جنگ روکنے کی پانچویں کوشش بھی ناکام

اسی طرح عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت بھی تین اعشاریہ چھ دو فیصد اضافے کے بعد ایک سو پانچ اعشاریہ چھ تین ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ اگرچہ کچھ ہی منٹوں بعد قیمتوں میں معمولی کمی آئی، لیکن مجموعی طور پر مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں یہ اتار چڑھاؤ براہ راست اس صورتحال سے جڑا ہوا ہے کہ آیا خطے میں باقاعدہ جنگ دوبارہ شروع ہوگی یا سفارتی کوششیں رنگ لائیں گی۔

ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش کا مطلب عالمی تیل کی رسد میں بڑی رکاوٹ ہے، کیونکہ یہ راستہ عالمی توانائی کی تجارت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق جب تک واشنگٹن اور تہران کے درمیان بحری ناکہ بندی اور سیز فائر کی شرائط پر اتفاق نہیں ہو جاتا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں اسی طرح دباؤ کا شکار رہیں گی اور ان میں مزید اضافے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔