جمعرات، 23-اپریل،2026
جمعرات 1447/11/06هـ (23-04-2026م)

امریکی سینیٹ میں ایران کے خلاف جنگ روکنے کی پانچویں کوشش بھی ناکام

23 اپریل, 2026 08:25

امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کی ایران کے خلاف جنگی مہم کو روکنے کی پانچویں کوشش بھی ناکام بنا دی ہے، جس کے بعد وائٹ ہاؤس کو اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے مزید وقت مل گیا ہے۔

امریکی سینیٹ نے ایک بار پھر ڈیموکریٹ ارکان کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا ہے، جس کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کے خلاف جنگ کو روکنا تھا۔

یہ پانچواں موقع ہے کہ انتظامیہ کی جنگی مہم کو محدود کرنے کی کوشش ناکام ہوئی ہے۔ تازہ ترین ووٹنگ کے دوران چھیالیس کے مقابلے میں اکیاون ووٹوں سے قرارداد مسترد کی گئی، جس میں زیادہ تر ارکان نے اپنی پارٹی پالیسی کے مطابق ووٹ دیا۔

سینیٹر ٹیمی بالڈون کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ جب تک کانگریس واضح طور پر اجازت نہ دے، امریکی افواج کو ایران کے خلاف حملوں سے روکا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : یو اے ای اپنی زمین ایران کیخلاف استعمال نہ ہونے دے، ایران کا سلامی کونسل میں خط

تقریباً آٹھ ہفتوں سے جاری اس جنگ کے دوران کانگریس میں ڈیموکریٹس نے بارہا وار پاورز ریزولوشن کا سہارا لے کر فوجی مہم کو روکنے کی کوشش کی ہے، لیکن ریپبلکن اکثریت نے ہر بار ان کوششوں کو بلاک کر دیا ہے۔

تاہم اب امریکی قانون کے تحت ایک اہم ڈیڈ لائن قریب آ رہی ہے، جو صدر ٹرمپ پر دباؤ بڑھا سکتی ہے کہ وہ یا تو جنگ ختم کریں یا اسے جاری رکھنے کے لیے کانگریس سے باضابطہ منظوری لیں۔

1973 کا وار پاورز ریزولوشن صدر کے جنگی اختیارات کو محدود کرتا ہے اور ساٹھ دن کے اندر پارلیمانی منظوری کو لازمی قرار دیتا ہے۔

اس قانونی مدت کا آغاز اٹھائیس فروری سے ہوا تھا، جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر مشترکہ حملے شروع کیے تھے۔ اب یکم مئی کو یہ ساٹھ روزہ مدت ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد صدر کو قانونی طور پر اپنی افواج کی واپسی یا مستقل منظوری کی ضرورت ہوگی۔

اگرچہ ریپبلکنز اب تک صدر کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن کچھ ارکان نے اشارہ دیا ہے کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے پر وہ انتظامیہ سے آپریشنز کم کرنے یا باضابطہ قانونی اختیار حاصل کرنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کا مؤقف ہے کہ صدر کے اقدامات موجودہ جنگی اختیارات کے دائرہ کار میں آتے ہیں اور انہیں پیشگی منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔