پیر، 27-اپریل،2026
پیر 1447/11/10هـ (27-04-2026م)

پیٹرول کی قیمتوں کو مستقل قابو میں رکھنے کیلئے عالمی تنازعات کا حل ضروری ہے، علی پرویز ملک

27 اپریل, 2026 10:05

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں کو مستقل قابو میں رکھنے کیلئے عالمی تنازعات کا حل ضروری ہے۔

ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت ایندھن کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور مارکیٹ میں توازن قائم رکھنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ عالمی حالات کا براہ راست اثر پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک پر پڑتا ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان کی صورتحال بعض پڑوسی ممالک کے مقابلے میں نسبتاً بہتر ہے، جہاں عالمی تنازعات کے باعث شدید معاشی دباؤ دیکھا جا رہا ہے، خصوصاً بھارت جیسے ممالک میں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم، فیلڈ مارشل اور نائب وزیر اعظم کی قیادت میں اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں، جو توانائی کے شعبے اور مجموعی معاشی استحکام کے لیے مثبت ثابت ہو رہے ہیں۔

علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ایک معاہدہ موجود ہے، جس پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اگر اس معاہدے پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو ملکی معیشت کو سنگین مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ضروریات کا تیل اور پیٹرول خود پیدا نہیں کرتا۔ ملک توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مکمل طور پر درآمدات پر انحصار کرتا ہے۔ اسی وجہ سے تیل کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا ایک مشکل عمل ہے۔ اس کے لیے مضبوط منصوبہ بندی اور بین الاقوامی معاہدوں پر عمل ضروری ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عالمی سطح پر خاص طور پر امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی تیل کی عالمی منڈیوں پر براہ راست اثر ڈالتی ہے۔ ایسی صورتحال میں قیمتیں غیر مستحکم ہو جاتی ہیں۔ اگر عالمی تنازعات کم ہوں اور جغرافیائی سیاسی حالات بہتر ہوں تو ایندھن کی قیمتوں میں طویل مدتی استحکام لایا جا سکتا ہے۔ حکومت اسی سمت میں کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔