جمعرات، 18-جون،2026
جمعرات 1448/01/03هـ (18-06-2026م)

بانی پی ٹی آئی ملاقاتوں پر پابندی کیس: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور ہوم سیکریٹری کو نوٹسز جاری

18 جون, 2026 13:05

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقاتوں پر غیر قانونی پابندی کے خلاف توہین عدالت کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی کے معاملے پر توہین عدالت کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اس کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، ہوم سیکریٹری پنجاب اور ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد و پنجاب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آپ اسلام آباد ہائی کورٹ کے آرڈر پر رہیں اور انہوں نے 23 اکتوبر 2025 کا ہائی کورٹ کا آرڈر پڑھنے کا کہا، جس پر سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ ہائی کورٹ کا یہ آرڈر ان سے متعلقہ نہیں ہے اور انہوں نے صرف 24 مارچ 2025 کے آرڈر پر رجوع کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تو ایوان میں بیٹھنے کی ضرورت نہیں، بیرسٹر گوہر

جسٹس شاہد بلال نے ہدایت کی کہ 23 اکتوبر کا یہ آرڈر ریکارڈ پر لے کر آئیں۔ عدالت نے بتایا کہ آئندہ ہفتے یہ بینچ دستیاب نہیں ہوگا، تاہم عدالت نے 3 ہفتوں کے اندر یہ اپیلیں دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر غیر قانونی پابندی عائد ہے اور کئی ماہ کے بعد آج سپریم کورٹ میں یہ کیس مقرر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق اور عدالتی ساکھ کا معاملہ ہے اور ان کی اپیل 24 مارچ 2025 کے ہائی کورٹ کے آرڈر کے خلاف ہے، جس میں ملاقات کا طریقہ کار واضح کیا گیا تھا، لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ کے اس آرڈر پر آج تک عمل نہیں ہوا۔

سلمان اکرم راجہ نے یہ بھی کہا کہ جب بھی ملاقات کے لیے جاتے ہیں تو روک دیا جاتا ہے اور ڈنڈے برسائے جاتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔