انگور اڈہ میں افغان طالبان کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کا بھرپور جواب، متعدد پوسٹیں تباہ

پاک افغان سرحد پر انگور اڈہ کے مقام پر افغان طالبان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوششوں کو پاک فوج نے جرات مندی سے ناکام بناتے ہوئے دشمن کی متعدد چوکیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔
پاک افغان سرحدی علاقے جنوبی وزیرستان کے مقام زلول خیل، انگور اڈہ میں افغان طالبان کی جانب سے شدید اشتعال انگیزی اور بلااشتعال فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کا پاک فوج نے نہایت چوکس رہتے ہوئے بھرپور اور دندان شکن جواب دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سرحد پار سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے پاکستانی حدود میں دراندازی کی مذموم کوشش کی، جسے سرحد پر تعینات پاک فوج کے جوانوں نے اپنی بروقت کارروائی سے مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
دراندازی کی کوشش میں عبرتناک شکست اور آپریشن غضب للحق کی موثر کارروائیوں کے باعث بوکھلاہٹ کا شکار افغان طالبان نے تمام عالمی سرحدی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستانی حدود میں سول آبادی کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کا القاعدہ سے تعلق برقرار، حکومت کے پچپن ارکان براہ راست ملوث نکلے
افغان طالبان کی جانب سے کی جانے والی اس بزدلانہ فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین عام شہری شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے وانا اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے دشمن کے ٹھکانوں پر جوابی گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں سرحد پار افغان طالبان کی متعدد اہم پوسٹیں تباہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
علاقے کے عمائدین اور مقامی آبادی نے افغان طالبان کی جانب سے سول آبادی پر فائرنگ کے واقعے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور پاک فوج کی جوابی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دشمن کی ہر مہم جوئی کا اسی طرح سختی سے جواب دیا جائے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی قسم کی دراندازی یا اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










