پٹرول کے ذخائر ایک دن کیلئے بھی موجود نہیں، وزیر پٹرولیم کا اہم انکشاف

Why was petrol price increased? Petroleum Minister reveals key reason
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں پٹرول کے ذخائر ایک دن کیلئے بھی موجود نہیں جبکہ خام تیل کے ذخائر صرف 5 سے 7 دن تک محدود ہیں۔
اسلام آباد میں ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بند ہوتی نظر نہیں آ رہی، جس کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ تاریخ میں کبھی دبئی کروڈ کی قیمت 170 ڈالر تک نہیں گئی، موجودہ حالات میں حکومت عوامی مشکلات کم کرنے کیلئے سبسڈی دینے اور پٹرول کی دستیابی یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر توانائی کی حکمت عملی کو فوری بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو کسی بڑے بحران سے بچایا جا سکے۔
وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ ڈیزل ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور اس کی قیمتوں کا فارمولا 2002 سے رائج ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمت 100 ڈالر ہو تو ریفائنریز سے 80 ڈالر پر مصنوعات کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ ملکی ریفائنریز پرانی ہو چکی ہیں اور انہیں فوری طور پر اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے ساتھ مل کر 30 دن کا کروڈ آئل ذخیرہ کرنے کا پروگرام بھی طے کیا گیا ہے تاکہ توانائی کی سکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیر پٹرولیم نے کہا کہ حکومت قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












