اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی اے ٹریبیونل کے ممبر فنانس کی تعیناتی میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ٹریبیونل میں ممبر فنانس کی عدم تعیناتی کے کیس میں تاریخی حکم جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو اٹھارہ مئی کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کر لیا ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ وزیراعظم خود آ کر وضاحت کریں کہ ٹریبیونل کے اہم عہدے پر تعیناتی ابھی تک کیوں عمل میں نہیں لائی گئی۔ عدالت نے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اور سیکریٹری کیبنیٹ کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیرِ اعظم کا قیمتی پتھروں کی برآمدات میں اضافے کیلئے سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام کا فیصلہ
سماعت کے دوران اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایک ریٹائرڈ جج کو ٹریبیونل کا ممبر تعینات کیا گیا ہے، جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ ججز نے زیادہ بیڑا غرق کیا ہوا ہے، ان کو ٹریبیونلز میں جانے کا بہت زیادہ شوق ہے۔
انہوں نے مزید ریمارکس دیئے کہ رات کو ان ریٹائرڈ ججز کو پرانے سیلوٹ یاد آتے ہیں تو وہ انہیں سونے نہیں دیتے، اس لیے وہ کبھی این آر سی تو کبھی کسی اور ٹریبیونل میں تعیناتی کی تگ و دو میں لگے رہتے ہیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے اہم اسامیوں کو خالی رکھنا عدالتی عمل میں رکاوٹ ہے اور اس کی وضاحت براہِ راست ملک کے سربراہ کو دینی ہوگی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











