اتوار، 3-مئی،2026
اتوار 1447/11/16هـ (03-05-2026م)
تازہ ترین خبریں

وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، شاہراہِ بھٹو عید سے قبل کھولنے کا حکم

03 مئی, 2026 14:03

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا طوفانی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریڈ لائن بی آر ٹی، شاہراہِ بھٹو اور پہلوان گوٹھ روڈ سمیت دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے شاہراہِ بھٹو کو عید سے قبل شہریوں کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج علی الصبح کراچی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر کے میگا پروجیکٹس پر جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء ناصر شاہ، جام خان شورو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ نے پیپلز چورنگی سے صفورہ چورنگی تک ریڈ لائن بی آر ٹی کوریڈور، پہلوان گوٹھ روڈ، منور چورنگی انڈر پاس، موسمیات فلائی اوور اور شاہراہِ بھٹو پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ شاہراہِ بھٹو کو عید سے قبل ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جو کراچی کے شہریوں کے لیے حکومت کی جانب سے عید کا تحفہ ہوگا۔

ریڈ لائن منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور ٹرانس کراچی کے سی ای او زبیر چنا نے بتایا کہ سابقہ ہدایات کی روشنی میں مکسڈ ٹریفک لینز کی مرمت اور پیچ ورک کا کام جاری ہے، جبکہ نیو جرسی بیرئیرز کو ایڈجسٹ کر کے سڑک کو کشادہ کرنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے نیپا چورنگی پر بار بار پانی جمع ہونے کے مسئلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس مقام پر نکاسی آب کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی: کھڈی کریک کے قریب ماہی گیروں کی لانچ ڈوب گئی، 19 افراد لاپتہ

انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے سڑکوں پر اسفالٹ بچھانے کا کام رات کے وقت کیا جائے تاکہ ٹریفک متاثر نہ ہو۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ریڈ لائن کوریڈور کے ساتھ مکسڈ ٹریفک کی تمام لینز کو دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔

شاہراہِ بھٹو کے معائنے کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ جام صادق انٹر چینج سے ایم نائن کٹھور انٹر چینج تک اڑتیس کلومیٹر طویل یہ منصوبہ ترانوے فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ تمام پلوں کی تعمیر مکمل ہے اور صرف توسیعی جوڑوں کا کام باقی ہے جو دس روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ سڑک کراچی کی معیشت کے لیے لائف لائن ثابت ہوگی کیونکہ اس سے شہر کے اندر سے بھاری ٹریفک کا دباؤ ختم ہو جائے گا۔

اس کے علاوہ انہوں نے پہلوان گوٹھ روڈ پر جاری ایک ارب انسٹھ کروڑ روپے کے منصوبے اور منور چورنگی انڈر پاس کے کام کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے تمام متعلقہ اداروں اور ٹھیکیداروں کو سختی سے تنبیہ کی کہ تعمیراتی معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے شفٹوں میں اضافہ کیا جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔