جمعہ، 8-مئی،2026
جمعہ 1447/11/21هـ (08-05-2026م)

ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، دہشت گردوں کے حملے ناکام

08 مئی, 2026 14:12

ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے تین روزہ آپریشن کے بعد متعدد علاقے دہشت گردوں سے کلیئر کروا لیے ہیں، تاہم مارٹر حملوں میں چھ شہریوں کی شہادت پر فضا سوگوار ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑا اور کامیاب آپریشن انجام دیا ہے۔

کوہاٹ ریجنل پولیس آفیسر عرفان طارق نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردوں نے زرگری، شناوری اور نریاب کے مقامات پر حملے کیے تھے، جنہیں فورسز نے جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنا دیا۔

تین دن تک جاری رہنے والی شدید جھڑپوں کے بعد فورسز نے متعدد اہم علاقوں اور پہاڑی چوٹیوں سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے، تاہم شرپسندوں کے مکمل خاتمے تک سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو اور کرم کے سرحدی علاقے میں ایف سی پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید

ریجنل پولیس آفیسر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس آپریشن کے دوران انتہائی افسوسناک پہلو دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی اندھادھند فائرنگ اور مارٹر حملے ہیں، جس کی زد میں آکر دورڑی بانڈہ میں چھ معصوم شہری شہید اور تیرہ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

شہید ہونے والوں میں چھ بچے اور جوان بھی تھے، جن کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں رکن قومی اسمبلی یوسف خان اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

رکن قومی اسمبلی یوسف خان نے واقعے کو انتہائی لرزہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا پڑے گا۔

شہداء کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔