ہنگو اور کرم کے سرحدی علاقے میں ایف سی پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید

ہنگو اور کرم کے سرحدی علاقے طورہ وڑی میں دہشت گردوں نے فیڈرل کانسٹیبلری کی چوکی پر بزدلانہ حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ہنگو اور کرم کے سرحدی مقام طورہ وڑی میں امن دشمنوں نے ایک بار پھر سر اٹھایا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے رات گئے فیڈرل کانسٹیبلری کی ایک اہم پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
حملے کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، تاہم حملے کے نتیجے میں فیڈرل کانسٹیبلری کا ایک بہادر سپاہی جام شہادت نوش کر گیا، جبکہ دو اہلکار شدید زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کا سویلین آبادی پر خودکش حملہ، بچوں سمیت 14 افراد زخمی
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شہید و زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے تعاقب میں پورے علاقے کو حصار میں لے لیا ہے اور جنگلوں و قریبی پہاڑی علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ سرحدی علاقہ ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











