جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کا سویلین آبادی پر خودکش حملہ، بچوں سمیت 14 افراد زخمی

اعظم ورسک کے بازار میں فتنہ الخوارج کی جانب سے کیے گئے خودکش حملے میں آٹھ سالہ بچی اور چار بچوں سمیت 14 بے گناہ شہری شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
فتنہ الخوارج کی جانب سے سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تھم نہ سکا اور چار مئی کی شام دہشت گردوں نے بزدلی کی انتہا کرتے ہوئے جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک کے مصروف بازار میں بارود سے بھری گاڑی دھماکے سے اڑا دی۔
اس بزدلانہ خودکش حملے کے نتیجے میں بازار میں موجود عام شہری خون میں نہا گئے اور ہر طرف افراتفری مچ گئی۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وانا کی انتظامیہ نے واقعے کے بعد زخمیوں کی باضابطہ فہرست جاری کر دی ہے، جس کے مطابق کل 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات انتہائی دلخراش ہیں، جن کے مطابق زخمیوں میں چار معصوم بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمریں انتہائی کم ہیں اور ان میں ایک آٹھ سالہ معصوم بچی بھی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
دھماکے کے فوری بعد ریسکیو ٹیموں اور مقامی انتظامیہ نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وانا منتقل کیا، جہاں انہیں ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ تمام زخمیوں کا تعلق جنوبی وزیرستان کے اسی علاقے اعظم ورسک سے ہے، جہاں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں دراندازی کرنے والے 8 ہلاک خوارج کی شناخت؛ 2 افغان شہری نکلے
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ فتنہ الخوارج نے نہتے شہریوں کا لہو بہایا ہو۔ اس سے قبل بھی نورڑ میں کئے گئے ایک حملے میں تین شہری شہید اور گیارہ زخمی ہوئے تھے، جن میں دو حافظ قرآن بچے بھی شامل تھے۔
اسی طرح بنوں کینٹ پر ہونے والے حملے میں بائیس شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جبکہ ٹانک، باڑہ اور دیگر قبائلی علاقوں میں بھی سویلین آبادی کو بارہا نشانہ بنایا گیا ہے۔
دفاعی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خوارج سیکیورٹی فورسز کا براہ راست سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتے اور اپنی اسی بزدلی کو چھپانے کے لیے معصوم شہریوں کا خون بہاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق خوارج نے اپنی روایتی بزدلانہ روش اپناتے ہوئے محض خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ان نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا ہے جن کا کسی بھی جنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











