اسرائیل کی جنوبی لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری، فضائی حملوں میں مزید 31 افراد شہید

بیروت: اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں جنگ بندی کے باوجود فضائی حملے جاری ہیں۔ تازہ حملوں میں مزید 31 افراد شہید ہو گئے، جس کے بعد خطے میں صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔
لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق جمعہ کے روز مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے جن میں متعدد شہری جان سے گئے۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان کے ضلع ٹائر کے قصبے تورا میں دو فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد شہید ہوئے۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ ایک لاپتا بچی کی تلاش بھی جاری ہے۔
اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سول ڈیفنس کا ایک اہلکار شہید ہو گیا۔ اس واقعے کے بعد امدادی کارکنوں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
بنت جبیل کے مختلف دیہات پر ہونے والے حملوں میں 5 افراد جان سے گئے، جبکہ قصبے السلطانیہ میں ایک اور فضائی حملے کے نتیجے میں 4 افراد شہید ہوئے۔
لبنانی حکام کے مطابق بیشتر متاثرین عام شہری ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی میں 17 مئی تک توسیع کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود اسرائیلی فوج جنوبی لبنان میں روزانہ کی بنیاد پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











