سندھ پولیس نے پنجاب سے ملزمہ پنکی کا تمام کرمنل ریکارڈ مانگ لیا

ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی نے آئی جی پنجاب اور ریجنل ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس سے انمول پنکی کا کرمنل ریکارڈ اور اس کے بینک اکاؤنٹس و جائیداد کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیئے خط لکھ دیا۔
منشیات کی بڑی ڈیلر ملزمہ انمول پنکی کی گرفتاری کے بعد سندھ پولیس نے قانونی شکنجہ مزید سخت کرنے کے لیے پنجاب پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس سے رابطہ کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کراچی نے آئی جی پنجاب اور ریجنل ڈائریکٹر اے این ایف کو ایک باقاعدہ خط ارسال کیا ہے، جس میں ملزمہ کے خلاف درج تمام سابقہ کرمنل ریکارڈ کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔
خط کے متن کے مطابق ملزمہ کو سندھ پولیس نے بارہ مئی کو گارڈن کی حدود سے گرفتار کیا تھا اور وہ کراچی کے تھانہ گارڈن، بغدادی اور درخشان میں درج متعدد مقدمات میں مطلوب تھی۔
یہ بھی پڑھیں : کراچی پولیس کو پنکی کی اہم ترین ساتھی بلیک اینجل کی تلاش، مختلف علاقوں میں چھاپے
ڈی آئی جی ساؤتھ نے اپنے خط میں آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمہ کے خلاف پنجاب میں درج مقدمات میں بھی اس کی باقاعدہ گرفتاری ڈالی جائے اور متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی جائے۔
مزید برآں، اینٹی نارکوٹکس فورس کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملزمہ کے نام پر موجود تمام بینک اکاؤنٹس، منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات فراہم کی جائیں اور اس کے شناختی دستاویزات کو فوری طور پر بلاک کیا جائے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ملزمہ کے پورے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنا اور اس کے مالی ذرائع کو منجمد کرنا ہے۔
اس مشترکہ کارروائی سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک کے خلاف جاری تحقیقات میں مزید اہم کامیابیاں حاصل ہوں گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








