اتوار، 17-مئی،2026
اتوار 1447/11/30هـ (17-05-2026م)

کراچی پولیس کو پنکی کی اہم ترین ساتھی بلیک اینجل کی تلاش، مختلف علاقوں میں چھاپے

15 مئی, 2026 14:16

کراچی اور لاہور میں کوکین سپلائی کرنے والے بڑے نیٹ ورک کی سرغنہ انمول پنکی اور اس کی اہم ترین ساتھی بلیک اینجل کے حوالے سے تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

پاکستان کے بڑے شہروں میں کوکین کی فروخت اور سپلائی کے بڑے نیٹ ورک کے خلاف جاری تحقیقات میں انتہائی سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جن میں بلیک اینجل نامی کردار نے پولیس کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ساؤتھ زون پولیس اس وقت بلیک اینجل کی تلاش میں کراچی کے علاقوں گزری اور ڈیفنس میں مسلسل چھاپے مار رہی ہے، تاہم وہ اب تک گرفت میں نہیں آسکی۔

اس کیس میں مرکزی ملزمہ انمول پنکی کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ 2006 میں ماڈلنگ اور اداکاری کے شوق میں لاہور منتقل ہوئی تھی۔

لاہور میں قیام کے دوران اس نے مینارِ پاکستان کے قریب عاشی نامی ایک لڑکی کے ساتھ رہائش اختیار کی اور شوبز میں جگہ بنانے کے لیے مختلف فلم ڈائریکٹرز کے دفاتر کے چکر بھی لگاتی رہی۔

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پنکی نے بوبی نامی شخص کے ایما پر اپنے پہلے شوہر رانا ناصر سے علیحدگی اختیار کی، جس کے بعد اس نے منشیات فروشی کا اپنا الگ اور منظم نیٹ ورک قائم کیا۔

پہلے سے اس کاروبار سے وابستہ رانا ناصر، پنکی کو بریف کیس میں منشیات دے کر کراچی بھیجا کرتا تھا، جہاں وہ یہ سامان اقبال نامی شخص تک پہنچاتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : ڈرگ ڈیلر پنکی کا ماہانہ 2 کروڑ روپے کی منشیات فروخت کرنے کا انکشاف

رانا ناصر کا یہ کالا دھندہ راولپنڈی، لاہور اور کراچی تک پھیلا ہوا تھا اور کراچی میں تمام آپریشنز کی نگرانی پنکی خود کرتی تھی۔

علیحدگی کے بعد پنکی نے سپلائی کے کام کو مزید پیشہ ورانہ بنانے کے لیے خواتین کورئیر کی خدمات حاصل کیں، جنہیں لاہور سے کراچی کے ایک چکر کے پچاس ہزار روپے ادا کیے جاتے تھے۔

اس نیٹ ورک میں لاہور سے انعم عرف انا کا نام بھی سامنے آیا ہے، جو کوکین کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی تھی۔

کراچی میں صارفین تک منشیات پہنچانے کے لیے سات رائیڈرز پر مشتمل ایک ہوم ڈلیوری نیٹ ورک بنایا گیا تھا، جس کے چار کارندے پولیس کی گرفت میں آچکے ہیں جبکہ دیگر نے روپوش ہو کر کام چھوڑ دیا ہے۔

سب سے اہم انکشاف بلیک اینجل کے بارے میں ہوا ہے، جس کا اصل نام کرن ہے اور اس نے مبینہ طور پر ایک افریقی سیاہ فام باشندے سے شادی کر رکھی تھی۔

یہ افریقی شہری پاکستان میں کوکین کی عالمی اسمگلنگ سے وابستہ تھا اور اسی نسبت سے کرن کو جرائم کی دنیا میں بلیک اینجل کے نام سے پکارا جانے لگا۔ پولیس اب اس گروہ کے باقی ماندہ ارکان کی گرفتاری کے لیے تکنیکی ذرائع سے تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔