منگل، 19-مئی،2026
منگل 1447/12/02هـ (19-05-2026م)

غزہ امدادی مشن پر اسرائیلی فوج کا حملہ، سعد ایدھی سمیت 500 سے زائد رضاکار گرفتار

18 مئی, 2026 15:30

غزہ کیلئے امدادی سامان لے جانے والے عالمی بحری مشن فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی فوج نے دھاوا بول کر ایدھی فاؤنڈیشن کے سعد ایدھی سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 500 سے زائد رضاکاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔

غاصب اسرائیلی فوج نے غزہ کے شہریوں کی مدد کے لیے جانے والے بحری قافلے پر حملہ کر کے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے پانچ سو سے زائد انسانی حقوق کے کارکنان اور رضاکاروں کو باقاعدہ حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل نے بحیرہ روم میں غزہ جانے والے امدادی جہازوں کو قبضے میں لے لیا

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق یہ امدادی بحری قافلہ جسے فریڈم فلوٹیلا مشن کا نام دیا گیا تھا، ترکیہ سے غزہ کے محصور اور پسماندہ شہریوں کے لیے روانہ ہوا تھا اور فیصل ایدھی کے نوجوان صاحبزادے سعد ایدھی اس اہم ترین انسانی مشن میں پاکستان اور ایدھی فاؤنڈیشن کی نمائندگی کر رہے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ سعد ایدھی غزہ کے معصوم اور شدید مشکلات کا شکار شہریوں کے لیے بڑی مقدار میں راشن، ضروری ادویات، طبی سامان اور سب سے بڑھ کر وہاں کے معصوم اور پیاسے بچوں کے لیے پاؤڈر کا دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش لے جا رہے تھے۔

اس پرامن مشن میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے نامور سماجی کارکنان، اطباء اور انسانی حقوق کے علمبردار بھی بھاری مقدار میں انسانی امداد کے ہمراہ شریک تھے، جنہیں اسرائیلی افواج نے عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے قید کر لیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔