اسرائیل نے بحیرہ روم میں غزہ جانے والے امدادی جہازوں کو قبضے میں لے لیا

اسرائیلی بحریہ نے غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے جانے والے بین الاقوامی امدادی بیڑے صمود فلاٹیلا کو جزیرہ کریٹ کے قریب روک کر اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے تصدیق کی ہے کہ ان کی بحری فورسز نے غزہ کی جانب بڑھنے والے گلوبل صمود فلاٹیلا کے جہازوں کا کنٹرول سنبھالنا شروع کر دیا ہے۔
یہ کارروائی مقبوضہ فلسطین کے ساحلوں سے سینکڑوں کلومیٹر دور بین الاقوامی سمندر میں جزیرہ کریٹ کے قریب کی گئی۔
صمود فلاٹیلا اتوار کے روز اٹلی سے روانہ ہوا تھا، جس کا مقصد غزہ کا غیر قانونی اسرائیلی محاصرہ توڑنا اور وہاں کے محصور عوام تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانا تھا۔ اس بیڑے میں مختلف ممالک کے سماجی کارکن، رضاکار اور شہری تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔
فلاٹیلا کے منتظمین نے سوشل میڈیا پر اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی بحری جہازوں نے انہیں گھیرے میں لے لیا اور تشدد اور اغوا کی دھمکیاں دیں۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کے سستے ڈرونز سے اسرائیل کے مہنگے ترین ٹینکوں کی تباہی
رپورٹ کے مطابق گیارہ جہازوں سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے جبکہ اسرائیلی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سات جہازوں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مندوب ڈینی ڈینن نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے انسانی حقوق کے کارکنوں کو توجہ حاصل کرنے والے مہم جو قرار دیا۔
دوسری جانب فلاٹیلا کے ذمہ داران نے عالمی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے عالمی قوانین کی اس کھلی خلاف ورزی پر اسے جوابدہ ٹھہرائیں۔ یہ مشن اسپرنگ 2026 کا حصہ تھا، جسے یورپ کی مختلف تنظیموں کے اشتراک سے منظم کیا گیا تھا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











