منگل، 19-مئی،2026
منگل 1447/12/02هـ (19-05-2026م)

کراچی میں مزید 500 نئی ریڈ بسیں اور ڈبل ڈیکر بسیں چلائی جائیں گی، شرجیل میمن

19 مئی, 2026 15:13

شرجیل میمن نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کراچی اور صوبے کے دیگر شہروں میں ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے، بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبوں کی تاخیر کی وجوہات پر ایوان کو اعتماد میں لیا۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی سینئر وزیر شرجیل میمن نے کراچی سمیت پورے سندھ میں ٹرانسپورٹ کی صورتحال اور جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا ہے۔

شرجیل میمن نے ایوان کو بتایا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے آغاز میں بہت سے پچیدہ مسائل اور رکاوٹیں تھیں جنہیں دور کیا جا رہا ہے۔ ڈالر کی قیمت مسلسل بڑھنے سے کراچی میں ترقیاتی کاموں پر گہرے اثرات مرتب ہوئے اور ڈالر کے ریٹ بڑھنے کی وجہ سے نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کے ترقیاتی کام بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی اڑان کے باعث کنٹریکٹر نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی لاگت میں اضافہ کیا جائے، تاہم صوبائی حکومت نے عوام کے پبلک ٹیکس کے پیسے بچانے کے لیے فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن سے خصوصی بات چیت کی تاکہ کام کو کم لاگت میں مکمل کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے شاہراہِ بھٹو کو پورے صوبے کے لیے ایک بڑا گیم چینجر منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 22 مئی کو شام چار بجے شاہراہِ بھٹو کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی اولین کوشش ہے کہ تمام جاری منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر ہی مکمل کیا جائے۔ ہمارے لیے صرف نئی بسیں خرید کر سڑکوں پر چلانا بہت آسان کام تھا، لیکن ہم مستقل ٹرانسپورٹ کا نظام بنا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی میں پاکستان کی بلند ترین 82 منزلہ عمارت برج قائد کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا

انہوں نے بتایا کہ یلو لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے پر عالمی بینک کی فنڈنگ سے تیزی سے کام جاری ہے اور اس یلو لائن منصوبے میں شامل اہم ترین تاج حیدر برج کا تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ کراچی میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے جدید ٹریفک سگنلز جبکہ صوبے کے دیگر شہروں میں جدید بس ٹرمینل بنائے جا رہے ہیں، اور ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے کراچی اور حیدرآباد کے اندر بڑے یوٹرن بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

سینئر وزیر نے عزم ظاہر کیا کہ وہ کراچی کے ہر گلی اور ہر محلے میں پیپلز بس چلائیں گے اور اس مقصد کے لیے مزید پانچ سو نئی بسیں خریدنے کے لیے باقاعدہ اخبارات میں اشتہار بھی دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی کے ہر رکنِ صوبائی اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے اپنے اپنے حلقے میں یہ بسیں چلائی جائیں۔

انہوں نے یاد دلایا کہ کراچی میں بس ریپڈ ٹرانزٹ اورنج لائن کا منصوبہ سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے مکمل کر کے دکھایا ہے۔

حیدرآباد کے عوام کے لیے خوشخبری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد ہی لطیف آباد سے حیدر چوک تک نئی بس سروس چلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یعنی سرکاری و نجی شراکت داری کو سب سے زیادہ اہمیت دیں، جبکہ کراچی میں الیکٹرک گاڑیوں اور الیکٹرک بسوں کی وجہ سے شہر کی آلودگی پر قابو پانے میں بڑی مدد ملے گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کے لیے مزید جدید ڈبل ڈیکر بسیں بھی منگوا رہی ہے، جس سے شہر میں سفری سہولیات کا رخ بدل جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔