منگل، 19-مئی،2026
منگل 1447/12/02هـ (19-05-2026م)

کراچی میں پاکستان کی بلند ترین 82 منزلہ عمارت برج قائد کی تعمیر کا معاہدہ طے پاگیا

18 مئی, 2026 10:40

ڈی ایچ اے سٹی اور اے بی ایس ڈیولپرز کے مابین کراچی میں پاکستان کی بلند ترین بیاسی منزلہ عمارت برج قائد کی تعمیر کا باضابطہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

ڈی ایچ اے سٹی کراچی اور ملک کے معروف ترقیاتی ادارے اے بی ایس ڈیولپرز کے مابین بیاسی منزلہ فلک بوس عمارت برج قائد کی تعمیر کے لیے ایک باضابطہ اور تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

941 فٹ بلند یہ شاندار عمارت نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان کی سب سے بلند ترین عمارت ہوگی۔ اس عظیم الشان منصوبے کو ڈی ایچ اے سٹی کراچی کے ایک انتہائی اہم اور جدید ترین حصے میں تعمیر کیا جائے گا۔

جدید طرز تعمیر اور دنیا کے بہترین آرکیٹیکچر کا شاہکار یہ عمارت تقریباً چھ ایکڑ اراضی پر محیط ہوگی، جس کی مکمل تعمیر اور تزئین و آرائش کے لیے چھ سال کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کراچی پولیس کو پنکی کی اہم ترین ساتھی بلیک اینجل کی تلاش، مختلف علاقوں میں چھاپے

اس منصوبے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور تمام دیگر متعلقہ سیکیورٹی و حکومتی اداروں نے اس منصوبے کے لیے 941 فٹ کی بلندی کا باقاعدہ این او سی یعنی عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے تاکہ تعمیر میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

اے بی ایس ڈیولپرز اس تاریخی منصوبے کو دنیا کے مروجہ قوانین کے مطابق عالمی ماہرین، غیر ملکی انجینئرز اور نامور کنسلٹنٹس کی براہ راست نگرانی میں مکمل کرے گا۔

ماہرین تعمیرات کا کہنا ہے کہ برج قائد کی تعمیر سے کراچی میں نہ صرف جدید شہری انفراسٹرکچر کو ایک نئی زندگی ملے گی، بلکہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں بھی زبردست اور بے پناہ اضافہ ہوگا۔

یہ منصوبہ پاکستان میں جدید ہائی رائز ڈیولپمنٹ یعنی فلک بوس عمارتوں کی تعمیر کے ایک بالکل نئے اور ترقی پسند دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔